• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی کو ستارۂ امتیاز سے نواز دیا گیا

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو 

پاکستانی سفارتخانہ لگسمبرگ و یورپی یونین کے سفیر رحیم حیات قریشی نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی (رحمت اللّٰہ علیہ) اجمیر شریف انڈیا کے گدی نشین پیر حضرت بلال چشتی صاحب کے ساتھ سفارتخانۂ پاکستان برسلز میں خصوصی ملاقات کی۔

برسلز میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں سفیر رحیم حیات قریشی کو پاکستان کی مثبت تصویر دکھانے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا تشخص اجاگر کرنے کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز کے اعزاز سے نوازے جانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ستارۂ امتیاز پاکستان کا تیسرا اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ ہے اور یہ اُن افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے پاکستان کی سلامتی یا قومی مفادات، عالمی امن، ثقافتی شعبے یا دیگر اہم عوامی خدمات میں غیر معمولی اور نمایاں کردار ادا کیا ہو۔

اس موقع پر پیر حضرت بلال چشتی نے سفیرِ پاکستان رحیم حیات قریشی کو اجمیر شریف دربار کی تصویر، چند انگھوٹھیاں اور خصوصی دستار تحفے میں دیتے ہوئے، انہیں ستارۂ امتیاز ملنے پر مبارک باد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب میں پیر حضرت بلال چشتی کے میزبان اور بیلجیئم کے صوبہ اینٹورپن کی معروف کاروباری شخصیت صاحبزادہ چوہدری سرفراز اختر لالہ موسیٰ اور  گدی نشین دربار شریف میاں رلدو سرکار بھی موجود تھے۔

انہوں نے بھی سفیر رحیم حیات قریشی کو ستارۂ امتیاز سے نوازے جانے پر  مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں گزشتہ سال مئی کے مہینے میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی انتھک کوششوں سے معرکۂ حق کی بدولت پاکستان کو جو تاریخی فتح نصیب ہوئی وہ بلاشبہ قابلِ تحسین ہے۔

شرکاء نے کہا کہ اسی طرح سفیرِ پاکستان رحیم حیات قریشی کی پاکستان کے وسیع مفاد میں سفارت کاری سے پاکستانیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ان کو ستارۂ امتیاز سے نوازا جانا اوورسیز کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔

مہمانِ خاص حضرت پیر بلال چشتی نے پاکستانی سفارتخانہ برسلز کے پریس قونصلر میاں صغیر وٹو کو بھی دستار باندھتے ہوئے اجمیر شریف کی کرامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر رحیم حیات قریشی نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ اعلیٰ سول اعزاز ستارۂ امتیاز سے نوازا جانا ملک کی خدمت کے سفر پر اعتماد کا اظہار اور سفارتی مشن پر دنیا بھر بالخصوص مسلم امہ میں باہمی اختلافات کو دور کرنے اور باہمی اتحاد کے ضمن میں مصالحت کار کے فرائض نبھانا میرے لیے قومی خدمت کے مترادف ہے جسے ہمیشہ ملکی مفاد کی خاطر جاری رکھوں گا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید