کراچی (محمد ناصر)”زومبیڈ“ نے شاپنگ مال میں سنسنی پھیلادی ۔ جیو فلمز اور فلم والا کی نئی فلم کی شاندار پروموشن، فہد مصطفی کا والہانہ استقبال، سیلفیاں انعامات بھی تقسیم۔ پروڈیوسر و رائٹر فضا علی مرزا، معروف ہدایتکار نبیل قریشی بھی شریک، فلم عید الاضحی پر ریلیز کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق جیو فلمز اور فلم والا کی نئی پیشکش، ایکشن، تھرل، ہارر، سسپنس اور ایڈونچر سے بھرپور فلم ”زومبیڈ“ کی شاندار پروموشن نے کراچی کے علاقے گلشن میں موجود سب سے بڑے شاپنگ مال میں سماں باندھ دیا۔ فلم کی مرکزی کاسٹ اچانک مال پہنچی تو مداح اپنے پسندیدہ فنکاروں کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھے۔ اس موقع پر فلم کی پروڈیوسر و رائٹر فضا علی مرزا، معروف ہدایتکار نبیل قریشی، سپر اسٹار اداکار فہد مصطفی، نامور اداکار مانی سمیت دیگر فنکار بھی موجود تھے۔ شاپنگ مال میں فہد مصطفی کی انٹری ہوئی تو سیکڑوں لوگوں نے اُن کا والہانہ استقبال کیا۔ عوام کے شور اور تالیوں کی گونج میں گفتگو کرتے ہوئے فہد مصطفی نے کہا کہ فلم دیکھ کر فیملیز انجوائے کریں گی، فلم عید کا مزہ دوبالا کردے گی۔ اُنہوں نے فلم بینوں سے اپیل کی کہ پاکستانی فلمیں دیکھیں، اور پاکستانی سینما کو اتنا بڑا کردیں کہ پوری دُنیا ہماری فلمیں دیکھنے کیلئے بے قرار ہوجائے۔ اُنہوں نے ازراہ مذاق یہ بھی کہا کہ کراچی میں اتنی جلدی سڑک نہیں بنتی لیکن ہماری فلم بن جاتی ہے، جس پر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔ فہد مصطفی نے حاضرین میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیشہ لوگوں نے میرے کام پر اعتماد کیا ہے، عوام منفرد کونٹینٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔ میری بہادری کہہ لیں یا بے وقوفی فخر ہے کہ پاکستان کی پہلیایسی فلم بنادی ہے جسے لوگ ضرور دیکھنے آئیں گے۔ پاکستان کی ایسی فلم اب تک بڑے پردے پر نہیں آئی۔ فہد مصطفی نے فلم کیلئے منفرد کام کیا۔