نئی تحقیق کے مطابق روزانہ کی معمولی تبدیلیاں جیسے 10 منٹ اضافی نیند، 4 منٹ تیز قدموں سے چلنا اور سبزیوں کا زیادہ استعمال دل کے دورے اور فالج کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف سڈنی (آسٹریلیا)، چلی اور برازیل کی مشترکہ ٹیم نے برطانیہ کے 53 ہزار سے زائد بالغ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔ نتائج میں بتایا گیا کہ نیند، جسمانی سرگرمی اور خوراک میں معمولی بہتری سے دل کے بڑے امراض کے خطرے میں تقریباً 10 فیصد کمی دیکھی گئی۔
یہ تحقیق 25 مئی کو یورپین جرنل آف پریوینٹو کارڈیالوجی میں شائع ہوئی۔
8 سال تک شرکاء کی نیند اور جسمانی سرگرمی کو اسمارٹ واچ جیسے آلات سے ٹریک کیا گیا جبکہ خوراک کے بارے میں سروے بھی کیے گئے۔ اس دوران 2,034 کیسز دل کے بڑے امراض (دل کا دورہ اور فالج) کے سامنے آئے۔
نتائج کے مطابق نیند میں اوسطاً 11 منٹ اضافے، درمیانی شدت کی ورزش (تیز قدموں سے چلنا، سائیکلنگ، ڈانس وغیرہ) میں 4.5 منٹ اضافے اور سبزیوں میں 50 گرام اضافہ کرنے کی یہ معمولی تبدیلیاں دل کے امراض کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرنے میں مددگار ثابت ہوئیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر کوئی شخص 8–9 گھنٹے نیند، 42 منٹ سے زیادہ درمیانی یا سخت ورزش اور متوازن خوراک برقرار رکھے تو دل کے امراض کا خطرہ 57 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف سڈنی کے محقق نکولس کوئمل نے کہا، ’چھوٹی تبدیلیاں بھی بڑے فوائد دے سکتی ہیں۔ یہ زیادہ قابلِ عمل اور طویل مدت تک برقرار رکھنے میں آسان ہیں۔‘
برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کی نرس ایمیلی میک گراتھ نے کہا، ’زیادہ تر لوگ صحت مند زندگی چاہتے ہیں لیکن بڑی تبدیلیوں سے گھبرا جاتے ہیں۔ یہ تحقیق دکھاتی ہے کہ معمولی عادات میں تبدیلی بھی دل کی صحت کو بہتر بنا سکتی ہے۔‘
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔