• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام بجلی اور گیس کے بلوں کی صورت میں جنگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، بلاول

کراچی (سہیل افضل) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنگوں کا اصل بوجھ غریب عوام اٹھاتے ہیں، عوام بجلی اور گیس کے بلوں میں اس جنگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، اگر خطے میں امن قائم ہوگا تو معاشی مشکلات میں کمی آئیگی، بصورت دیگر حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں، 2008 سے اب تک کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوا اور پاکستان کا سب سے زیادہ ترقی کرنے والا شہر کراچی ہے، جیالے سیاسی یتیموں کی الزام تراشی کا جواب نہ دیں، ہر سازش کو میں خود ناکام بنائوں گا، پورے پاکستان سے لوگ روزگار کی تلاش میں کراچی آتے ہیں اور ہم سب کو دعوت دیتے ہیں کہ کراچی آئیں، یہاں کام کریں اور ملکی معیشت میں کردار ادا کریں، ہم پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت کراچی میں پورٹ بنائینگے،شہید بی بی کا خواب تھا کہ ہم کے ٹی بندر کو بنائیں، ہم نے تھر کو بدل کر پاکستان کو بدلنے کی کوشش کی ہے، دنیا میں پاکستانی دفاعی سازو سامان کی بہت زیادہ مانگ ہے ہماری کوشش ہے کہ کراچی میں دفاعی سامان بنے اور عالمی منڈی میں فروخت ہو،یہ لڑنے کا وقت نہیں بلکہ متحد رہنے کا وقت ہے ، ہم وفاق کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں شاہراہِ بھٹو کے تیسرے فیز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو 39 کلومیٹر طویل شاہراہِ بھٹو ایکسپریس وے کا افتتاح کیا اور اس ساتھ ہی قیوم آباد سے کراچی پورٹ تک اس کی اسٹریٹجک توسیع کا سنگِ بنیاد رکھا، انہوں نے اس منصوبے کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جو کراچی کی شہری نقل و حرکت، معاشی رابطوں اور ٹرانسپورٹ کے انفراسٹرکچر کو بدل کر رکھ دیگا۔ سندھ حکومت کے اس فلیگ شپ انفراسٹرکچر پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب ایم-9 موٹروے کے قریب کاٹھوڑ انٹرچینج پر منعقد ہوئی جہاں بلاول بھٹو نے وزیراعلی مراد علی شاہ کے ہمراہ باضابطہ طور پر راہداری کو ٹریفک کیلئے کھولا۔ تقریب سے قبل بلاول بھٹو وزیراعلی مراد علی شاہ کے ہمراہ شاہراہِ بھٹو پہنچے جہاں بلاول بھٹو نے اسکے افتتاحی سفر کے دوران خود ایکسپریس وے پر گاڑی چلائی اور ٹول ٹیکس بھی ادا کیا۔ نو افتتاح شدہ شاہراہِ بھٹو ایکسپریس وے جام صادق برج سے کاٹھوڑ برج تک تقریبا 39 کلومیٹر پر محیط ہے اور اسے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی حد کے ساتھ چھ لین والے کنٹرولڈ- ایکسیس کوریڈور کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید