ویانا: پوری دنیا کی طرح آسٹریا کے دارالحکومت ویانا اور آسٹریا کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی عیدالاضحیٰ نہایت مذہبی عقیدت، احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔
نمازِ عیدالاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع سعودی عرب کے زیرِ انتظام اسلامک سینٹر ویانا میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں فرزندانِ توحید نے ایک ساتھ نمازِ عید ادا کی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
آسٹریا بھر میں مختلف مسلم ممالک خصوصاً پاکستانی مذہبی اداروں، مساجد اور اسلامی مراکز میں بھی نمازِ عیدالاضحیٰ کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں خواتین، بچوں اور مرد حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پاکستانی مساجد میں علماء کرام نے سنتِ ابراہیمیؑ، قربانی کی اہمیت، ایثار، بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات پر تفصیلی بیانات کیے۔
علماء کرام اور آئمہ مساجد نے اپنے خطابات میں فلسطین، کشمیر اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کروائیں جبکہ پاکستانی افواج کی خدمات کو سراہتے ہوئے ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔
نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد پاکستانی اور مسلم کمیونٹی سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کے فریضے کی ادائیگی میں مصروف ہوگئی جبکہ گھروں، مساجد اور کمیونٹی مراکز میں عید کی خوشیاں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئیں۔