پاکستان مسلم لیگ (ن) آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت نے یومِ تکبیر کے موقع پر معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج کی قیادت کو یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شرافت نے کہا کہ 28 مئی 1998ء کو میاں محمد نواز شریف نے جراتمندانہ اور تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے عالمی دباؤ اور اربوں ڈالر کی پیشکشوں کو مسترد کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صرف ایک سیاسی اقدام نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی، خود مختاری اور دفاع کے تحفظ کی ضمانت ثابت ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور پاکستانی سائنسدانوں کی شبانہ روز محنت نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت بنایا جبکہ مسلح افواج نے ہمیشہ ملکی دفاع کو مضبوطی سے سنبھالے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور افواجِ پاکستان نے بھی اس دفاعی توازن کو بہترین انداز میں برقرار رکھا ہے اور موجودہ حالات میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، قومی یکجہتی اور مضبوط سفارت کاری کے ذریعے دنیا کو پاکستان کی طاقت کا احساس دلایا ہے۔
انہوں نے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور قومی قیادت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج سفارتی اور دفاعی میدان میں ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے، یومِ تکبیر پوری قوم کے لیے فخر، اتحاد اور قومی عزم کی تجدید کا دن ہے۔