پاکستان نے یورپین یونین کے تعلیمی پروگرام ایرازمس پلس میں مسلسل 5 ویں سال بھی پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
یورپین یونین کے مطابق آج ای یو کی جانب سے اس کے ایرازمس پلس پروگرام کے تحت دنیا بھر میں تقسیم کردہ مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کے لیے پاکستان، مسلسل پانچویں سال بھی عالمی سطح پر سرفہرست رہا۔
پاکستان کی جانب سے 98 طلباء نے یہ فلی فنڈڈ اسکالر شپس حاصل کیں۔
اس سال یورپین یونین نے اپنے اس اسٹار پروگرام کے تحت 1872 اسکالر شپس کا اعلان کیا تھا، جن میں سے سب سے زیادہ وظائف حاصل کرنے والے پہلے 5 ممالک کا آج اعلان کیا گیا تھا۔
ان 5 ممالک میں 98 کے ساتھ پاکستان پہلے، 80 کے ساتھ بنگلا دیش دوسرے، بھارت 75 کے ساتھ تیسرے جبکہ 68 اور 67 اسکالر شپس کے ساتھ امریکا اور اٹلی بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے۔
دوسری جانب یورپین یونین اور پاکستان کے درمیان اس علمی تعاون میں اضافے کے لیے برسلز میں موجود پاکستانی سفارتخانے اور یہاں تعینات عملے کا بھی ایک اہم کردار رہا ہے۔