• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں 12 سال سے آپ کی حکومت ہے، آپ لوگوں نے کیا کیا؟ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا کے پی وزراء سے استفسار

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ایس ایم عتیق شاہ نے خیبر پختونخوا کے صوبائی وزراء سے استفسار کیا ہے کہ صوبے میں 12 سال سے آپ کی حکومت ہے، آپ لوگوں نے کیا کیا؟ 12 ایسے افراد کے نام بتائیں جنہیں آپ نے برطرف کیا ہو۔

پشاور ہائیکورٹ میں صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، وزیر قانون آفتاب عالم، صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، مشیرِ داخلہ اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے لوگ بے امنی کی آگ میں جل رہے ہیں، 6 ماہ گزرنے کے باوجود آپ لوگوں نے کرمنل جسٹس سسٹم سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل نہیں کیا، آپ لوگوں کو ایک ہی دن میں ہم نے 246 کیسز میں ضمانتیں دیں۔

عدالت نے کہا کہ علی امین گنڈاپور بطور وزیر اعلیٰ آئے تو عدالتی وقت ختم تھا پھر بھی ہم نے انہیں ضمانت دی، سہیل آفریدی سے حلف نہیں لیا جا رہا تھا، وہ ہمارے پاس آئے اور ہم نے انہیں بھی ریلیف دیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی حکومت کو 12 سال ہو گئے، 12 ایسے افراد کے نام بتائیں جنہیں آپ نے برطرف کیا ہو، آپ کا ایک ایک پراسیکیوٹر 12، 12 سال سے ایک ہی ضلع میں تعینات ہے، میں نےعدالتوں میں صوبے بھر میں تبادلے کیے، اگر آپ ہمیں سپورٹ نہیں کر سکتے تو کم از کم ہمارے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔

وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا ہم لارجر بینچ کے احکامات پرعمل درآمد کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید