اسرائیلی فوج نے لبنان میں نام نہاد جنگ بندی کی دھجیاں اُڑا دیں۔ بیروت کے علاقے ضاحیہ اور صیدون شہر میں فضائی حملے کیے، جن میں 4 افراد شہید اور 33 زخمی ہوگئے۔
گزشتہ روز اسرائیلی حملے میں لبنانی فوج کے بریگیڈیئر جنرل اور دیگر دو افسروں سمیت 10 افراد شہید ہوئے تھے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے بیروت پر حملے میں حزب اللّٰہ کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں گھسنے والی اسرائیلی فوج پر حزب اللّٰہ نے حملے کیے، جس میں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔
لبنانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ ہفتوں میں واپس آنے والے متعدد شہری دوبارہ ضاحیہ چھوڑ رہے ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ یہ حملہ وسیع تر فوجی کارروائی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنانی شہر طائر اور اس کے گرد و نواح کے رہائشیوں کو بھی ممکنہ حملوں سے قبل انخلا کی وارننگ جاری کی ہے۔