یوکرین کے جنگ زدہ علاقے میں ایک یوکرینی جوڑے کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک دلہا اور دلہن اپنی شادی کے دن ایک عمارت کی چھت پر فوٹو شوٹ کروا رہے تھے، دلہن سفید عروسی لباس اور پھولوں کے گلدستے کے ساتھ موجود تھی جبکہ دلہا سوٹ میں اس کے ہمراہ تصاویر بنوا رہا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اچانک دونوں آسمان کی جانب دیکھنے لگتے ہیں، جہاں یوکرین کا فضائی دفاعی نظام روسی ساختہ ڈرونز کو نشانہ بنا رہا تھا۔
ویڈیو میں ایک ڈرون کو فضا میں مار گرائے جانے کا منظر بھی قید ہوا، جلتے ہوئے ڈرون کے ٹکڑے زمین کی طرف گرتے دکھائی دیتے ہیں اور بعد ازاں ایک زوردار دھماکے کے ساتھ آگ کا بڑا گولہ فضا میں بلند ہو جاتا ہے، دھماکے کے بعد سیاہ دھوئیں کے بادل بھی واضح طور پر نظر آتے ہیں۔
حیران کن طور پر دلہا دلہن نے خوفزدہ ہونے یا وہاں سے بھاگنے کے بجائے صورتحال کا مشاہدہ کیا اور پھر سکون کے ساتھ اپنا فوٹو شوٹ جاری رکھا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔