ڈیلس (رپورٹ، راجہ زاہد اختر خانزادہ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی سینٹرل اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پبلک یوٹیلیٹیز کے کنوینر، معروف صنعت کار اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر نور احمد خان نے کہا ہے کہ بجٹ میں صنعتوں کو ریلیف مل جائے تو پاکستان کی برآمدات 100ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔ ریاست ٹیکساس میں ڈیلس اور ہیوسٹن کے دورے کے موقع پر ’’جنگ/ جیو ‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے نور احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ صنعتوں کو درپیش بنیادی مسائل، خصوصاً بجلی، گیس، پانی، شرح سود اور بھاری ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کیا جائے تاکہ پاکستانی صنعت کار عالمی منڈی میں مؤثر مقابلہ کر سکیں۔