وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے محبت پیپلز پارٹی والوں سے زیادہ کوئی نہیں کرسکتا، ہمارے وسائل بہت کم ہیں، پھر بھی پوری توانائی لگا رہے ہیں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں بڑے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ملیر میں عظیم پورہ پل کو ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کے لئے پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت اہم شعبوں میں کام ہورہے ہیں، ایمپریس مارکیٹ شہر کا تاریخی ورثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو عوام کی تکلیف میں مزہ آتا تھا، اس شہر میں روز سیکڑوں لوگ مارے جاتے تھے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم شہر کے اور صوبے کے لوگوں کے لئے کام کرتے ہیں، کراچی کی میئر شپ اور الیکشن آئندہ بھی پیپلز پارٹی جیتے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضروری ہے ہم اپنی دفاعی صلاحیت کو بہتر کریں، فنڈز میں کٹوتی سے ترقیاتی منصوبے ضرور متاثر ہوں گے، آئندہ بجٹ میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم شامل نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میری تبدیلی کی باتیں دس سال سے آ رہی ہیں، پارٹی قیادت جب چاہے گی کوئی بھی فیصلہ کر سکتی ہے، جس دن تبدیل ہونا ہوگا اس دن کچھ لوگوں کی خواہش پوری ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس وقت ہٹایا جاؤں گا جب اللّٰہ اور میری پارٹی قیادت چاہے گی، مجھے ہٹانے سے متعلق لوگوں کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ غیر ترقیاتی بجٹ کم کیا ہے، مزید کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارسا کا ٹیلی میٹری سسٹم بن رہا ہے، اس پر کام چل رہا ہے، پانی کی قلت ہے، میں نے وزیراعظم کو خط لکھا، این ای سی کے اجلاس اور وزیراعظم سے ملاقات میں بھی معاملہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پیپلز پارٹی کو حکومت لوگوں نے دی ہے، سندھ میں بھی سب سے زیادہ ووٹ پیپلز پارٹی کو 2024 کے الیکشن میں ملے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالات پیچیدہ ہیں،صدر مملکت، وزیراعظم اس پر آواز اٹھا رہے ہیں۔،