امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے نے امریکا ایران دستخط کی تقریب میں چند گھنٹوں کی تاخیر کر دی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دستخط کی تقریب جو ابھی ہونی تھی، اب کچھ گھنٹے بعد ہوگی۔
دوسری جانب امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ اگلے 2 سے 3 گھنٹوں میں ڈیل متوقع ہے۔
ان کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ لبنان حملے پر نیتن یاہو سے ٹیلیفونک گفتگو کی، نیتن یاہو سے کہا کہ وہ یہ کیا کر رہے ہیں، نیتن یاہو نے مزید حملے نہ کرنے کا کہا ہے۔
امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے ایران بیروت پر اسرائیلی حملے پر جوابی کارروائی نہ کرے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آج صبح لبنان پر کیا گیا اسرائیلی حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا، حملہ اس خاص دن ہوا جب ہم ایران کے ساتھ ڈیل کرنے کے قریب ہیں۔
اپنے بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل کو کسی بھی خطرے کے خلاف اپنے دفاع کا حق ہے، اسرائیل کا حملہ بےمعنی تھا، اس میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے سے ایران ڈیل کے عمل میں خلل نہیں ہونا چاہیے، ہم لبنان سمیت مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے ڈیل کے بہت قریب ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو پیچھے ہٹ جانا چاہیے، اسرائیل کی جانب سے لبنان میں کہیں بھی حملے نہیں ہونے چاہیئیں۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللّٰہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر کوئی حملہ نہیں ہونا چاہیے۔ یہ ایک طویل اور خوبصورت امن کا آغاز ہوسکتا ہے، اسے ضائع نہیں ہونے دیں۔