پاکستانی سنیما نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا، جیو فلمز اور فلم والا پکچرز کی پیشکش پاکستان کی پہلی زومبی تھرلر فلم ''زومبیڈ'' نے اپنا آفیشل VFX Breakdown جاری کردیا۔
ویڈیو میں فلم کے حیران کن بصری اثرات کے پیچھے ہونے والی محنت، جدید ٹیکنالوجی اور تخلیقی عمل کو پہلی بار تفصیل سے دکھایا گیا ہے۔
یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مقامی ٹیلنٹ اور وسائل کے ذریعے بھی عالمی معیار کے بصری مناظر تخلیق کیے جا سکتے ہیں۔
ہدایتکار نبیل قریشی کی فلم زومبیڈ کو پہلے ہی پاکستانی سنیما کی ایک منفرد اور جرات مندانہ پیشکش قرار دیا جا رہا ہے، بریک ڈاؤن ویڈیو میں فلم کی تیاری کیلئے بنایا جانے والا ماحول، بڑے ایکشن سیکوئنسز، خوفناک زومبیز اور مختلف پیچیدہ مناظر کے مراحل دکھائے گئے ہیں، جنہوں نے زومبیڈ کو پاکستان کی بصری طور پر سب سے زیادہ پُرجوش اور تکنیکی اعتبار سے نمایاں فلموں میں شامل کر دیا ہے۔
باکس آفس پر کامیابی کے بعد جاری ہونے والی یہ ویڈیو نہ صرف فلم کی تخلیقی اور تکنیکی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتی ہے بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی استعداد اور بلند عزائم کی بھی عکاس ہے۔
مبصرین کے مطابق زومبیڈ کا VFX Breakdown اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں بھی بڑے پیمانے کی ایسی فلمیں اور عالمی معیار کے ویژول ایفیکٹس تخلیق کیے جا سکتے ہیں۔
یہ افیکٹس شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہے ہیں اور اسے پاکستانی سنیما میں بصری اثرات اور جینر فلم سازی کے ایک نئے دور کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔