• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2021 میں بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا اسمبلیاں توڑ دیں آپ کا وقت پورا ہوگیا: ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں چار پانچ لوگوں کو پتہ ہوتا ہے کہ کیا ہونے والا ہے؟ اُن میں میرا نام بھی شامل ہے۔ 2021 میں بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ آپ اسمبلیاں توڑ دیں، آپ کا وقت پورا ہوگیا ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں مقامی میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

اُن کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے منتظمین اویس اقبال اور ناصر شاہ نے بتایا کہ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی پاکستان کے پسماندہ علاقے تھر کی فلاح و بہبود کے لیے کینیڈا میں فنڈ ریزنگ تقریبات کا انعقاد کر رہے ہیں۔

ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ سیاست ایک عبادت اور خدمت ہے مگر پاکستان میں سیاست ایک اداکاری ہے اس لیے میں اپنا زیادہ وقت اپنے علاقے کے لوگوں کی خدمت میں گزار رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 26 سالوں میں ایک روپے کی کرپشن کا الزام مجھ پر نہیں لگا مگر میری قسمت اچھی ہے کہ مٹی لیتا ہوں، وہ سونا بن جاتی ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ پارٹی میری مجبوری نہیں ہوتی، میں پارٹی کی مجبوری ہوتا ہوں۔ سال 2018 میں جب مجھے کہا گیا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں تو میں نے شرط عائد کی کہ میں بنی گالا نہیں جاؤں گا اور پی ٹی آئی کا رومال نہیں پہنوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان میرے پاس خود آئے، جب میں 2021 میں پی ٹی آئی چھوڑ رہا تھا تو میں بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ آپ اسمبلیاں توڑ دیں کیونکہ آپ کا وقت پورا ہوگیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید