آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کی معروف پاکستانی شخصیت چوہدری خالد آرائیں (بہاولپور) کے 24 سالہ جواں سال بیٹے مامون خالد آرائیں کے اچانک اور المناک انتقال کی خبر نے پاکستانی کمیونٹی کو رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مامون خالد آرائیں اتوار (21 جون) کی شام اپنے ایک آسٹرین دوست کے ہمراہ ویانا کے تفریحی مقام پرانا ڈوناو (Alte Donau) میں کشتی رانی اور سیر و تفریح کے لیے گئے تھے۔ دورانِ سفر اچانک کشتی کا توازن برقرار نہ رہ سکا جس کے نتیجے میں دونوں افراد پانی میں جا گرے۔
مامون کے ساتھ موجود آسٹرین دوست کو تیراکی آتی تھی جس کی وجہ سے وہ بحفاظت پانی سے باہر نکل آیا، تاہم مامون خالد آرائیں گہرے پانی میں ڈوب گئے۔ ریسکیو اہلکاروں اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر تلاش کا عمل شروع کیا، لیکن تقریباً ایک گھنٹے بعد انہیں پانی سے نکالا گیا اور وہ اس وقت تک زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔
حادثے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پوری پاکستانی کمیونٹی میں پھیل گئی۔ مرحوم کے والد چوہدری خالد آرائیں کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ ویانا سمیت آسٹریا کے مختلف شہروں سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد، سماجی، مذہبی اور کاروباری شخصیات مرحوم کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی کے لیے پہنچ رہی ہیں۔
غم زدہ ماحول میں ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی جبکہ تعزیت کے لیے آنے والوں نے مرحوم مامون خالد آرائیں کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ کمیونٹی رہنماؤں نے اس المناک حادثے کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک نوجوان زندگی کا اس طرح اچانک خاتمہ پوری کمیونٹی کے لیے باعثِ صدمہ ہے۔
پاکستانی کمیونٹی آسٹریا نے مرحوم مامون خالد آرائیں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ حافظ محمد نعیم آف ہورن نے مرحوم کی مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کروائی۔