• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق صدر بی سی بی کا آئی سی سی سے بنگلادیش کی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سابق صدر امین الاسلام—فائل فوٹو
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سابق صدر امین الاسلام—فائل فوٹو

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سابق صدر امین الاسلام نے آئی سی سی سے بنگلادیش کی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

بنگلادیشی میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سابق صدر بی سی بی امین الاسلام نے آئی سی سی کو خط لکھا ہے اور آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ بنگلادیش میں فنڈنگ کو فریز کیا جائے۔

سابق صدر نے آئی سی سی کو رواں ہفتے 14صفحات پر مشتمل خط لکھا ہے، خط میں سابق صدر نے بی سی بی کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق امین الاسلام نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ انہیں صدر کے عہدے پر بحال کروایا جائے اور عالمی گورننگ باڈی سے کہا ہے کہ بی سی بی کی مالی معاونت نہ کی جائے۔

بنگلا دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ امین الاسلام کے خط سے متعلق آئی سی سی نے بی سی بی کو آگاہ کیا ہے، بی سی بی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد آئی سی سی کو جواب دے گا۔

 امین الاسلام کی اپنے حوالے سے چھپنے والی خبروں کی تردید

دوسری جانب بی سی بی کے سابق صدر امین الاسلام نے اپنے حوالے سے چھپنے والی خبروں کی تردید کر دی۔

انہوں نے کہا ہے کہ آئی سی سی کو بی سی بی کے فنڈز روکنے کی درخواست والی خبر دیکھی، یہ مکمل جھوٹ ہے، یہ کبھی ایسا ممکن نہیں، میری طرف سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔

امین الاسلام کا کہنا ہے کہ مخصوص لوگ مجھے ڈسٹرب کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، وہ ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں اور اس مرتبہ بھی ہوں گے، میں بنگلادیش کو نقصان پہنچانے والی درخواست کبھی آئی سی سی کو نہیں کروں گا، آئی سی سی میری بات کیوں سنے گی اب تو میری آئی سی سی میں پہنچ بھی نہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید