امریکی خلائی ادارے ناسا (NASA) کی جانب سے برسوں پہلے جاری کی گئی مریخ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہو گئی ہے، بعض صارفین نے اس میں موجود ایک پراسرار شے ک خلائی مخلوق کی بندوق قرار دے دیا۔
یہ تصویر دراصل ناسا کے اپرچیونیٹی روور (Opportunity Rover) نے 2014ء میں مریخ پر لی تھی، تاہم حالیہ دنوں میں ایک غیر معمولی شکل کے پتھر نے انٹرنیٹ صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تصویر میں نظر آنے والی شے غالباً ایک عام پتھر ہے، نہ کہ کسی خلائی مخلوق کا ہتھیار۔
ناسا بھی مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا آیا ہے کہ اب تک مریخ پر موجودہ یا ماضی کی خلائی حیات کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
ادارے کے مطابق مریخ پر بھیجے گئے روورز کو تاحال ایسی کوئی شہادت نہیں ملی جو وہاں زندگی کی موجودگی ثابت کرتی ہو۔
واضح رہے کہ اپرچیونیٹی روور کو 2004ء میں مریخ پر پانی کے قدیم آثار کی تلاش کے لیے بھیجا گیا تھا، جولائی 2018ء میں اس سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد متعدد ناکام کوششوں کے بعد ناسا نے فروری 2019ء میں اس مشن کے اختتام کا اعلان کر دیا تھا۔
