بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی گوری سپراٹ کے ساتھ 5 جولائی کو ہونے والی شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں، اس سلسلے میں شادی کی تقریب میں مدعو خاص مہمانوں کے نام بھی سامنے آگئے۔
حال ہی میں ایک فلم اسکریننگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عامر خان نے خود اپنی شادی کی تصدیق کی اور بتایا کہ یہ ایک انتہائی چھوٹی اور نجی تقریب ہوگی جو گھر پر ہی منعقد کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عامر اور گوری نے اپنی شادی کو انتہائی سادہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تقریب میں صرف 100 سے 150 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے، جس میں عامر اور گوری کے خاندان، قریبی رشتہ دار، بچے اور فلم انڈسٹری سے عامر خان کے پرانے دوست بشمول فلمساز آشوتوش گواریکر اور ڈائریکٹر راج کمار سنتوشی شامل ہیں۔
شادی کی تقریبات کا آغاز 'اسپیشل میرج ایکٹ' کے تحت آفیشل رجسٹریشن (کورٹ میرج) سے ہوگا، جس کے بعد گھر پر ہی ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں عامر خان اور گوری کی پسند کے خاص دیسی پکوان شامل کیے گئے ہیں، جن کی تیاری کی نگرانی دونوں خود کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بینگلور سے تعلق رکھنے والی گوری سپراٹ فیشن، بیوٹی اور ویلنس انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اب ممبئی میں مقیم ہیں۔
عامر اور گوری کی پہلی ملاقات 25 سال قبل ہوئی تھی، لیکن رابطہ ٹوٹ جانے کے بعد دونوں برسوں بعد دوبارہ ملے اور دوستی محبت میں بدل گئی۔
عامر خان نے گزشتہ سال مارچ 2025ء میں اپنی 60 ویں سالگرہ پر گوری کو پہلی بار میڈیا سے متعارف کروایا تھا۔
واضح رہے کہ عامر خان کی یہ تیسری شادی ہے، اس سے قبل انہوں نے 1986ء میں رینا دتہ سے شادی کی تھی، جو 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی جبکہ 2005ء میں کرن راؤ سے شادی کی، جس کا اختتام 2021 میں طلاق پر ہوا۔
عامر خان کے پہلی اہلیہ سے 2 بچے، بیٹا جنید خان اور بیٹی آئرا خان ہیں جبکہ دوسری اہلیہ سے بیٹے آزاد خان ہیں۔