پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادیاں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری اپنی والدہ سے ہونے والی آخری ملاقات کی تفصیلات بیان کرتے کرتے آبدیدہ ہو گئیں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے ماضی میں دیے گئے انٹرویو کا ایک مختصر کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں دونوں بہنیں اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ آخری ملاقات کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔
بختاور بھٹو زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری سالگرہ قریب تھی اور میں نے والدہ (بے نظیر بھٹو) کے جانے سے ایک رات پہلے ان سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ والدہ نے کہا کہ میں تمہیں سالگرہ کی پیشگی مبارکباد دینا چاہتی ہوں، جس پر میں نے کہا مجھے ایڈوانس مبارکباد نہ دیں، مجھے جنوری میں دیں لیکن انہوں نے کہا کہ تم میں بس ابھی تمہیں مبارکباد دے رہی ہوں، والدہ کے جانے کے بعد مجھے ان کی دراز سے ایک نیکلس ملا جس پر میری اٹھارہویں سالگرہ کی مبارکباد لکھی تھی تو مجھے لگا جیسے والدہ پہلے سے سب جانتی تھیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی والدہ سے ہونے والی آخری گفتگو کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل مجھے کہتی رہیں، ’ہیپی برتھ ڈے، ہیپی برتھ ڈے‘، میں نے پوچھا کہ آپ ابھی کیوں کہہ رہی ہیں؟ پھر انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ میں اپنی سالگرہ پر کیا چاہتی ہوں؟ میں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ آپ واپس آ جائیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں پوری کوشش کروں گی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ سیاسی رہنما بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی ایک نمایاں شخصیت تھیں، وہ پہلی خاتون تھیں جو کسی مسلم اکثریتی جمہوری ملک کی منتخب وزیرِاعظم بنیں۔
21 جون 1953ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی بینظیر بھٹو 2 مرتبہ پاکستان کی وزیرِاعظم منتخب ہوئیں اور انہوں نے جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی زندگی وقف کی، انہیں 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی میں ایک حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔
ان کے شوہر صدرِ مملکت آصف علی زرداری ہیں، جبکہ ان کے 3 بچے بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری ان کے سیاسی ورثے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔