گورنر سندھ نہال ہاشمی یونیورسٹی کے کانووکیشن میں تقریر کے دوران طالبات سے شادی کے بارے میں سوالات پوچھنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے حال ہی میں ایک یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی تقریر کے دوران طالبات سے پوچھا کہ آپ میں سے کتنی طالبات مجھے اپنی شادی میں بلائیں گی ذرا ہاتھ اٹھا لیں؟
ان کے اس سوال پر جب بہت کم طالبات نے ہاتھ اٹھایا تو انہوں نے ازراہِ مذاق کہا کہ کنجوسی مت کریں، ہاتھ اٹھائیں۔
نہال ہاشمی نے طالبات سے یہ بھی پوچھا کہ اب وہ طالبات ہاتھ اٹھائیں جو شادی کے بعد ساس سے جھگڑے کی توقع رکھتی ہیں اور پھر وہ طالبات ہاتھ اٹھائیں جو اپنی ساس کے ساتھ بالکل اپنی ماں جیسا سلوک کریں گی۔
جب ساس کے ساتھ ماں جیسا سلوک کرنے کے سوال پر صرف چند طالبات نے ہاتھ اٹھایا تو انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جوڑیاں بہت خوش قسمتی سے بنتی ہیں۔
نہال ہاشمی کی یونیورسٹی کے کانووکیشن میں کی گئی تقریر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔