• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی فرسٹ ایئر کا امتحان دینے والے 48 سالہ شخص کی حوصلہ افزائی، ویڈیو وائرل

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے 48 سال کی عمر میں فرسٹ ایئر کا امتحان دینے والے شخص کو گلے لگا کر اس کی حوصلہ افزائی کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رانا سکندر حیات نے بورڈ کے امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گورنمنٹ ہائی اسکول مصطفیٰ آباد کا اچانک دورہ کیا اور جب وہاں پر ایک کمرۂ امتحان میں بیٹھے 48 سالہ امیدوار کو دیکھا تو رک کر اس سے گفتگو کی۔

اُنہوں نے اس باہمت طالب علم کی 48 سال کی عمر ہو جانے کے باوجود بھی تعلیم جاری رکھنے پر تعریف کی، گلے لگایا اور امتحان میں کامیابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

رانا سکندر حیات کی 48 سالہ امیدوار سے ملاقات کے اس جذباتی لمحے کو مرکز میں موجود طلباء اور امتحانی عملے نے تالیاں بجا کر سراہا۔

سوشل میڈیا پر بھی یہ ویڈیو بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے طالب علم کے جذبے کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔