اماراتی ایئر لائن کے کارگو طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے، کارگو طیارے کے انجن میں اچانک خرابی ہوئی تھی۔
پی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ کارگو جہاز جاپانی شہر اوساکا سے دبئی جارہا تھا، کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئرٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اے ٹی سی کلیئرنس پر اماراتی ایئرلائن کے کارگو طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے پائلٹ نے دوران پرواز خراب انجن کو بند کردیا تھا، متاثرہ طیارہ نے ایک انجن پر پرواز کرتے ہوئے پانچ بجے کراچی بحفاظت لینڈ کیا، اماراتی ایئر کا کراچی ایئرپورٹ پر موجود انجینئرنگ عملہ انجن کی جانچ میں مصروف ہے، انجینئرز کی مرتب رپورٹ پر طیارے کے روانہ ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
پی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ کل دوپہر 12 بجے تک کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں موجود رہے گا۔ طیارے میں موجود انجن کی خرابی دور کرنے کے لیے انجینئرنگ ٹیم کام کرے گی، عملے کو ریسٹ کے لیے ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے، طیارے میں کارگو سامان ہے۔