وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آلثانی سے ملاقات کی ہے اور سابق امیر قطر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کی قیادت اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آلثانی کی دور اندیش قیادت اور مدبرانہ بصیرت کو سراہا۔
وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام اور ترقی کے فروغ کیلئے مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شیخ حمد بن خلیفہ آلثانی کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کو بھی یاد کیا۔
وزیراعظم نے اس گہرے صدمے کی گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
امیرِ قطر نے وزیراعظم شہبازشریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا عکاس ہے۔