• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو جوابی خط لکھ دیا

فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس 

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو جوابی خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جانوں کا ضیاع قومی سانحہ ہے، ہر کشمیری کی جان قیمتی ہے۔

اپنے خط میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پُرامن شہریوں کو دہشتگرد یا غیر ملکی ایجنٹ قرار نہیں دینا چاہیے، سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق کیلئے پرامن احتجاج عوام کا حق ہے، مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف الزامات کی غیر جانبدار تحقیقات ہوں، موجودہ محاذ آرائی طاقت یا اشتعال انگیز الزامات سے حل نہیں ہوسکتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تحریری معاہدوں کو عملدرآمد کے تنازع کی نذر نہیں ہونا چاہیے، حالیہ واقعات پر متضاد مؤقف، الزامات سے نہیں حقائق سے فیصلہ ہو، سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام کی تجویز پیش کرتا ہوں، کمیشن تمام فریقوں کے مؤقف، شکایات اور حقائق کا جائزہ لے، کمیشن سیاسی، قانونی اور انتظامی معاملات پر سفارشات مرتب کرے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھا کوئی شخص کشمیری شناخت کا فیصلہ نہیں کر سکتا، آزاد کشمیر کے عوام کی عزت اور شناخت حکومت کی مرہونِ منت نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اپنی تحریک کو پُرامن رکھے، فوری مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے، یہ اپیل ہتھیار ڈالنے کیلئے نہیں، انسانی جانیں بچانے کے لیے ہے، پاکستان اور کشمیر کا تعلق وقار، حقوق اور باہمی احترام پر ہونا چاہیے، مزید خونریزی روکنا اور اعتماد بحال کرنا اولین قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن کے قیام پر اتفاق ہو تو لانگ مارچ اور دھرنے معطل کیے جائیں، حکام بھی کمیشن کے نتائج تک مزید اقدامات سے گریز کریں، پیپلز پارٹی کشمیر بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، حکومتِ پاکستان، حکومتِ آزاد کشمیر اور مظاہرین تجویز پر اتفاق کریں۔

قومی خبریں سے مزید