کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں بس اڈے پر ڈرم سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی۔
سہراب گوٹھ بس اڈے پر گزشتہ روز ڈرم سے لاش ملی تھی، جس کی شناخت سندھی مسلم سوسائٹی کے رہائشی عالم زیب کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عالم زیب کی گردن اور سینے پر چھری کے وار کیے گئے، اس کا آبائی تعلق مانسہرہ سے تھا، بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے کے مطابق عالم زیب کو برادر نسبتی نے رقم لینے کے لیے ناظم آباد بھیجا تھا، وہاں جانے کے بعد سے عالم زیب کا موبائل فون بند مل رہا تھا، پولیس کے ذریعے معلوم ہوا کہ بس اڈے سے لاش ملی ہے، پتا چلا کہ گاڑی میں آئے دو افراد بس اڈے پر ڈرم رکھ کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس اڈے اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں، ورثاء لاش لے کر تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ ہوگئے۔