• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: انجینئرنگ یونیورسٹی کے گولڈ میڈلسٹ کی 50 مرتبہ کوشش کرنے پر بھی نوکری نہ ملنے پر خودکشی

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں 23 سالہ بی ٹیک گولڈ میڈلسٹ طالب علم نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ کمرے سے ملنے والے ایک مختصر نوٹ میں اس نے متعدد کوششوں کے باوجود سرکاری ملازمت حاصل نہ کر پانے پر اپنے والد سے معذرت کی۔

پولیس کے مطابق آنند نے 2024 میں نجی انجینئرنگ کالج سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا تھا، جہاں وہ گولڈ میڈلسٹ رہا، جبکہ اتر پردیش میں تیسری پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔ اسے 13 اگست 2024 کو کالج کی تقریب میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا تھا۔

واقعے کے وقت نوجوان کے اہل خانہ بڑے بھائی کی شادی طے کرنے کے لیے بہار گئے ہوئے تھے۔ گھر میں کام کرنے والی ملازمہ نے دروازہ نہ کھلنے پر پڑوسیوں اور پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے دروازہ توڑ کر آنند کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی برآمد کی اور کمرے سے پانچ سطروں پر مشتمل ایک ہاتھ سے لکھا ہوا نوٹ بھی ملا۔

پولیس کے مطابق نوٹ میں لکھا تھا کہ سوری پاپا میں نے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے تقریباً 50 بار کوشش کی، لیکن کامیاب نہیں ہو سکا۔ مجھے معاف کردینا۔ 

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا، جبکہ ہفتے کی شام ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔

آنند کے والد راج کمار نے بتایا کہ بیٹے نے گریجویشن کے بعد پاور گرڈ میں ایک سال کی اپرنٹس شپ مکمل کی، جس کے بعد وہ مختلف سرکاری اداروں میں ملازمت کے لیے مقابلے کے امتحانات کی تیاری کرتا رہا۔

راج کمار نے بتایا کہ آنند نے ریلوے، بینکوں اور محکمہ تعلیم کی بھرتیوں کے امتحانات میں کئی بار شرکت کی، لیکن کامیابی حاصل نہ کر سکا، جس کے باعث وہ گزشتہ کئی ماہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنند سرکاری ملازمت نہ ملنے پر ذہنی دباؤ میں تھا، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید