سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ فارم 47 کی جماعت آج کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے۔ اس کی سیاسی تاریخ عوامی مینڈیٹ کی توہین سے بھری پڑی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام جعلی نمائندگی کو پہلے بھی مسترد کر چکے، آئندہ بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے سہارے اقتدار پر قابض جماعت کشمیری عوام کے حقوق کی علمبردار بننے کی کوشش کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جو جماعت اپنے صوبے کے عوام کو حقِ رائے دہی سے محروم رکھے اس کے پاس کشمیریوں کے حقوق پر سیاست کا جواز نہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی طرح کشمیری بھی فارم 47 کی جماعت کو مسترد کردیں گے۔
انہوں نے کہا مت بھولیں کہ آج بھی پنجاب کے لاکھوں شہری بہتر علاج کے لیے سندھ آتے ہیں۔ دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حقیقی عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے۔ ہماری سیاست کا مرکز اقتدار نہیں عوام کا اعتماد اور خدمت ہے۔