بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اپنی صحت سے متعلق پُراسرار سوشل میڈیا پوسٹ پر وضاحت دے دی اور کہا ہے کہ میری سوشل میڈیا پوسٹ کو غلط انداز میں سمجھا گیا۔
83 سالہ بھارتی اداکار نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ میں نے نہ تو کوئی سرجری کرائی ہے اور نہ ہی میری صحت سے متعلق تشویش ناک اطلاعات درست ہیں۔
ان کے مطابق میرے بلاگ پر شائع ہونے والی پوسٹ میں طبی اصطلاحات محض استعارے کے طور پر استعمال کی گئی تھیں تاکہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ارجنٹینا کی شکست کے بعد ایک چیمپیئن کی ذہنی کیفیت کو بیان کیا جا سکے۔
امیتابھ بچن نے کہا کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، میری کوئی سرجری نہیں ہوئی، میری پوسٹ کو غلط سمجھا گیا، میں صرف یہ مثال دے رہا تھا کہ سرجری یا آئی سی یو میں قیام کے بعد جب مریض گھر واپس آتا ہے تو وہ جسمانی، ذہنی اور عملی طور پر سب سے مشکل مرحلہ ہوتا ہے، اسی طرح جب کوئی چیمپیئن شکست کھاتا ہے تو اس کے بعد اپنے آپ کا سامنا کرنا سب سے کٹھن مرحلہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا اشارہ فیفا ورلڈ کپ میں اسپین کے خلاف ارجنٹینا کی شکست اور لیونل میسی جیسے چیمپیئن کی طرف تھا، لیکن لوگوں نے سمجھ لیا کہ میں اپنی بات کر رہا ہوں۔
اپنے بیان کے اختتام پر امیتابھ بچن نے مداحوں کو یقین دلایا کہ آپ کو میری صحت کے حوالے سے فکر کرنے کی ضرورت نہیں، میں بالکل خیریت سے ہوں۔
یہ وضاحت اس پوسٹ کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی ہے جس میں امیتابھ بچن نے اپنے ٹمبلر بلاگ پر لیونل میسی کی ارجنٹینا کی ٹیم کی اسپین کے ہاتھوں شکست پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے شکست کے نفسیاتی اثرات کو واضح کرنے کے لیے سرجری، آئی سی یو اور گھر واپسی کی مثال دی تھی، تاہم پوسٹ میں فیفا ورلڈ کپ کا براہِ راست ذکر نہیں کیا گیا تھا۔