• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رضوان علی جعفری نے ارینج میرج کرنے کی وجہ بتا دی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار اور ماڈل رضوان علی جعفری نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کر دیا۔

ڈرامہ سیریل بس تیرا ساتھ ہو کے کردار فہام قریشی سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار نے حال ہی میں ایک میگزین کے یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا ہے۔

ماڈلنگ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے رضوان علی جعفری نے دورانِ انٹرویو انکشاف کیا کہ میں نے اپنے والدین کی مرضی سے شادی کی ہے۔

گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی ارینج میرج سے متعلق دلچسپ تفصیلات شیئر کیں اور بتایا کہ میری شادی مکمل طور پر ارینج میرج تھی، ایک دوست نے مجھ سے کہا تھا کہ ماں اپنے بچوں کو خود ان سے بھی بہتر جانتی ہے، کیونکہ وہ بچپن سے ان کی عادات اور مزاج کا مشاہدہ کر رہی ہوتی ہے، اس لیے جب وہ جیون ساتھی کا انتخاب کرتی ہے تو کوشش کرتی ہے کہ ایسا شخص منتخب کرے جس کی عادات آپ سے ہم آہنگ ہوں، اسی لیے میں نے یہ فیصلہ اپنی والدہ پر چھوڑ دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ والدہ نے کئی رشتوں پر غور کیا اور آخرکار میری اہلیہ کا انتخاب کیا، جو پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں اور رشتے میں میری سیکنڈ کزن بھی ہیں۔

اداکار نے کہا کہ میں اس سے پہلے کبھی ان سے نہیں ملا تھا اور نہ ہی انہیں ذاتی طور پر جانتا تھا، البتہ ان کے بہن بھائیوں سے واقف تھا، ہماری منگنی بھی اچانک طے ہوئی، میرے والدین نے صرف اتنا بتایا کہ ہم اسلام آباد جا رہے ہیں، جبکہ میری ہونے والی اہلیہ کو بھی اس بارے میں کوئی علم نہیں تھا، صرف ان کے بہن بھائی اس منصوبے سے آگاہ تھے۔

رضوان علی جعفری نے یہ بھی بتایا کہ جب ہم ان کے گھر پہنچے تو والدہ نے مجھے ان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے رائے پوچھی، اس سے پہلے میں صرف ان کی تصویر دیکھ چکا تھا اور کچھ تذبذب کا شکار تھا، اس لیے والدہ نے ہماری ملاقات کا انتظام کیا، ہم نے کچھ وقت ایک ساتھ گزارا، میں اسی وقت سمجھ گیا تھا کہ یہی وہ ہیں جن کے ساتھ میں اپنی زندگی گزارنا چاہتا ہوں، کیونکہ میں ہمیشہ کہتا تھا کہ میں اسی سے شادی کروں گا جس کے ساتھ مجھے فطری طور پر ایک تعلق محسوس ہو، وہ ایک بہترین خاتون ہیں اور آج میری ایک خوش حال اور محبت کرنے والی فیملی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید