• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن پولیس کی کشتی ویسٹ منسٹر پل سے ٹکرا گئی، 5 اہلکار شدید زخمی، 3 دریائے ٹیمز میں جا گرے

---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

لندن میں دریائے ٹیمز پر پولیس کی کشتی ویسٹ منسٹر پل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک لیکن خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق حادثہ جمعے کے روز پیش آیا، میرین پولیس یونٹ کی کشتی جنوب مغربی لندن کے علاقے بیٹرسی میں دریا میں موجود ایک شخص کی اطلاع پر امدادی کارروائی کے لیے جا رہی تھی کہ ویسٹ منسٹر پل سے ٹکرا گئی۔

حادثے کے بعد 3 اہلکار دریائے ٹیمز میں جاگرے تاہم انہیں فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا، زخمی ہونے والے 5 اہلکاروں میں سے ایک کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ دیگر 4 زیرِ علاج ہیں۔

میٹرو پولیٹن پولیس کے کمانڈر نک جان نے بتایا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی حالت جان لیوا نہیں، انہیں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے امدادی کارروائی میں حصہ لینے والے دریا میں موجود افراد اور ہنگامی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی بروقت کارروائی نے مزید جانی نقصان سے بچا لیا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں کوئی شہری زخمی نہیں ہوا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے سے قبل ایک نارنجی رنگ کی کشتی اور پولیس کی کشتی تیز رفتاری سے گزر رہی تھیں، پولیس کی کشتی ممکنہ طور پر دوسری کشتی سے پیدا ہونے والی لہروں کی زد میں آ کر بے قابو ہو گئی اور پل سے ٹکرا گئی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید