• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، قومی اتحاد ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے: لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

---فوٹو جنگ
---فوٹو جنگ

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو اپنی محنت، دیانت اور زرِمبادلہ کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

پیرس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے سرپرست اور پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال سے خصوصی ملاقات اور پاکستانی کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح، پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ سردار ظہور اقبال طویل عرصے سے یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، انہیں ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے، کاروباری روابط کے فروغ، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزاد وطن اللّٰہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہے، اس لیے تمام پاکستانیوں کو سیاسی، لسانی اور صوبائی تقسیم سے بالاتر ہو کر صرف پاکستانیت کے جذبے کے تحت متحد ہونا ہو گا تاکہ ملک مزید مضبوط، مستحکم اور خوش حال بن سکے۔

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے تنظیمی امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید