• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: یومیہ 2 لاکھ پاؤنڈ کا پیٹرول چوری ہونے کا انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد برطانیہ میں یومیہ تقریبا 2 لاکھ پاؤنڈ کا پیٹرول چوری ہونے لگا۔

ایران کی جنگ کے ساتھ شروع ہونے والے پیٹرول کے بحران کے بعد برطانیہ بھر کے پیٹرول پمپس سے ڈرائیور روزانہ تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا پیٹرول بغیر ادائیگی کے چوری کرکے لے جا رہے ہیں۔

پیٹرول چوری کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی کمپنی فور کورٹ آئی کے تجزیے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں تنازع شروع ہونے کے بعد کے 5 ماہ کے دوران، اس سے پہلے کے 5 ماہ کے مقابلے میں پیٹرول چوری کے واقعات میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جنگ کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں چوری ہونے والے پیٹرول کی مجموعی مالیت میں 48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ملک کے 8359 پیٹرول پمپس پر روزانہ اوسطاً 194000 پاؤنڈ تک پہنچ گیا ہے۔

فور کورٹ آئی کے مطابق پہلی بار بغیر ادائیگی کے پیٹرول لے جانے والوں کی تعداد میں 23 فیصد اضافہ جبکہ بار بار ایسا کرنے والوں کی تعداد 17 سے 20 فیصد رہی، اس کے علاوہ چوری کیے گئے پیٹرول کی مقدار میں 26 فیصد اضافہ بھی دیکھا گیا، یہ اعداد و شمار ملک بھر کے 550 نمائندہ پیٹرول پمپس سے موصول ہونے والی رپورٹس پر مبنی ہیں۔

ملک میں پیٹرول کی اوسط قیمت 160 پینس فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جو تنازع سے پہلے کے مقابلے میں 27 پنس زیادہ ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 179 پنس فی لیٹر ہو گئی ہے، جو جنگ سے پہلے کے مقابلے میں 37 پینس زیادہ ہے۔

فور کورٹ آئی نے اپنے صارفین کو پیٹرول چوری کی روک تھام کے لیے مفت ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے فیس واچ سسٹم کے ذریعے شناخت کیے گئے ملزمان کے بارے میں فوری اطلاع موصول ہو سکے گی۔

پیٹرول ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر گورڈن بالمر کے مطابق عملے کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے حالانکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کا عملے سے کوئی تعلق نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید