• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر سے متعلق کسی قسم کی غداری قبول نہیں: رانا قاسم نون

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے لیے تمام جنگیں لڑی جا چکی ہیں، گزشتہ سال کی جنگی شکست کے بعد بھارت بلوچستان اور آزاد کشمیر میں حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

رانا قاسم نون نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اسے پاکستان سے جدا نہیں کر سکتی، دنیا کے کسی بھی ملک میں فوج، پولیس اور دیگر ریاستی اداروں پر حملے یا گالم گلوچ برداشت نہیں کی جاتی۔ 

انہوں نے کہا ہے کہ عوامی مطالبات پر پہلے بھی ریلیف دیا گیا ہے اور آئندہ بھی دیا جائے گا لیکن مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین پاکستان کے ووٹ کے حق اور نمائندگی کو کسی صورت ختم نہیں کیا جائے گا کیونکہ ایسا کرنا کشمیری عوام کی قربانیوں سے غداری کے مترادف ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم آج بھی جاری ہیں جہاں متعدد کشمیری رہنما گزشتہ 30 سے 40 برس سے قید ہیں جبکہ بھارت جعلی ڈومیسائل کے ذریعے لاکھوں بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے ووٹ کے حق کے خاتمے کی بات کرنے والے دراصل بھارتی منصوبے کو تقویت دے رہے ہیں جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے یہ باتیں پیرس میں پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں جہاں مسلم لیگ ن فرانس کے صدر میاں محمد حنیف نے ان کا استقبال کیا۔ 

اس موقع پر انہوں نے انفارمیشن سیکریٹری اور سابق صدر مسلم لیگ ن فرانس آزاد کشمیر راجہ اشفاق حسین کو فرانس میں کشمیر کمیٹی کا فوکل پرسن مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ راجہ اشفاق حسین فرانس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کمیونٹی سمیت دیگر حلقوں کو حقائق سے آگاہ رکھنے کی ذمے داری انجام دیں گے۔

خاص رپورٹ سے مزید