• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلس میں چہلمِ امام حسین ؓ عقیدت و احترام سے منایا گیا

—تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر شہر کی مختلف امام بارگاہوں میں مجالسِ عزا منعقد ہوئیں جبکہ ڈاؤن ٹاؤن ڈیلس میں مرکزی جلوس برآمد کیا گیا جس میں سیکڑوں عزاداروں نے شرکت کرتے ہوئے نواسۂ رسول حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

علم سینٹر میں منعقدہ مرکزی مجلس سے معروف عالمِ دین مولانا قاسم زیدی نے خطاب کرتے ہوئے واقعۂ کربلا کے فلسفۂ صبر، قربانی، حق اور ظلم کے خلاف استقامت پر روشنی ڈالی۔

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے حق و انصاف، حریت اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کی علامت رہے گی۔

مجالسِ عزا کے اختتام پر ڈاؤن ٹاؤن ڈیلس میں مرکزی جلوس برآمد ہوا، جس میں عزادار علم اور تابوت اٹھائے نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے شریک ہوئے۔

معروف نوحہ خواں شجاع حیدر اور کاشف جعفری نے اپنے پرسوز انداز میں نوحہ خوانی کی، جبکہ عزاداروں نے اشک بار آنکھوں کے ساتھ شہدائے کربلا کو پرسہ پیش کیا۔

چہلم کے ساتھ محرم اور صفر کے 40 روزہ ایامِ عزا اپنی ظاہری تکمیل کو پہنچ گئے، مگر غمِ حسین ؓ ختم نہیں ہوا۔

عزاداروں نے ان ایامِ سوگ کو اگلے سال تک رخصت کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی کہ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی، عدل، حق، حریت اور ظلم کے خلاف استقامت کا پیغام ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا۔

شرکاء کا کہنا ہے کہ واقعۂ کربلا صرف تاریخ کا ایک باب نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے حق اور باطل میں تمیز کا معیار ہے اور یہی پیغام نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ترین ذمے داری ہے۔

تقریبات کے اختتام پر منتظمین نے تمام عزاداروں، رضاکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چہلمِ امام حسین ؓ کی یہ تقریبات اتحاد، اخوت اور فلسفۂ کربلا کو فروغ دینے کا ذریعہ ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید