یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاکستان سفارتخانہ ویانا میں ایک خصوصی تقریب سفیرِ پاکستان کامران اختر ملک کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مقررین نے شرکت کی اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور کشمیری عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔
تقریب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
فرسٹ سیکرٹری جواد سلمان نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان کامران اختر ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی شدید مذمت کی۔
تقریب سے پروفیسر میڈیکل یونیورسٹی ویانا ڈاکٹر عزت عواد، ایڈوائزر یورپین یوتھ ایسوسی ایشن عارف سین اور پروفیسر ملک شوکت مسرت اعوان نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔