کراچی (عرفان صدیقی) جاپان میں پاکستانی سفارت خانے میں نادرا کاؤنٹر کے قیام کا معاملہ فیسوں کی وصولی اور انتظامی اخراجات کے طریقہ کار پر اختلافات کے باعث تعطل کا شکار ہے، تاہم پاکستانی سفارت خانہ اور وزارت خارجہ اس مسئلے کے جلد حل کے لیے کوشاں ہیں۔جاپان میں پاکستان کے سفیر عبدالحمید نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نادرا کا مؤقف ہے کہ جاپان میں شناختی کارڈز سمیت نادرا کی مختلف خدمات کے عوض وصول ہونے والی تمام فیسیں براہ راست نادرا کے اکاؤنٹ میں جمع ہوں گی، تاہم کاؤنٹر چلانے کے لیے درکار افرادی قوت اور دیگر انتظامی اخراجات نادرا برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔سفیر پاکستان کے مطابق نادرا کی جانب سے تعینات کیے جانے والے عملے یا وزارت خارجہ کی جانب سے اس مقصد کے لیے مقرر کیے جانے والے افسر کی تنخواہ، مراعات اور دیگر متعلقہ اخراجات کے حوالے سے بھی مالی ذمہ داری کا معاملہ حل طلب ہے۔