• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچ بڑی ریفائنریوں کی برآمدات پہلی بار ایک ارب ڈالر سے متجاوز

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)ایک بڑی پیشرفت میں ریفائنری شعبہ درآمدات بچانے کیساتھ زرمبادلہ کمانے لگا۔ پانچ بڑی ریفائنریوں کی برآمدات پہلی بار ایک ارب ڈالر سےمتجاوز، پارکو اور سینرجیکو نے مجموعی 535ملین ڈالر کمائے۔ سینرجیکو نے عالمی بحری ایندھن کی مارکیٹ میں قدم رکھ دیا،جدید کاری سے برآمدات ودرآمدی بچت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ پاکستان کی آئل ریفائننگ صنعت نے مالی سال 2025-26 میں پہلی بار ایک ارب ڈالر کی برآمدات کی حد عبور کرلی اور مجموعی طور پر تقریباً 1.046 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا، جس سے یہ شعبہ ملک کے لیے غیر متوقع طور پر ایک اہم زرمبادلہ کمانے والے شعبے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کا تقریباً 40 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ معیشت پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ پانچ بڑی ریفائنریوں میں پارکو نے تقریباً 277 ملین ڈالر، سینرجیکو پاکستان لمیٹڈ نے 258 ملین ڈالر، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ نے 238ملین ڈالر، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے 200ملین ڈالر جبکہ اٹک ریفائنری نے تقریباً 73 ملین ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات برآمد کیں۔ پارکو اور سینرجیکو کی مشترکہ برآمدات 535 ملین ڈالر رہیں، جو شعبے کی مجموعی برآمدات کے نصف سے زیادہ ہیں۔

اہم خبریں سے مزید