• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ نے ایشوریا کو اپنی پانچ کامیاب فلموں سے کیوں نکالا تھا؟

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے کی جوڑی نے محبتیں، دیوداس اور جوش جیسی فلموں میں مداحوں کو بہت متاثر کیا۔ تاہم، دونوں کی زبردست مقبولیت کے باوجود شاہ رخ خان نے ایشوریا کو اپنی پانچ فلموں سے نکالا اور یہ تمام فلمیں بعد میں بڑی کامیاب ثابت ہوئیں۔ 

بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ رخ نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب ایشوریا کے ساتھ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے مبینہ طور پر مسائل پیدا کیے۔

ایشوریا رائے 2003 کی فلم چلتے چلتے کے لیے پہلی پسند تھیں۔ فلم کی شوٹنگ شروع بھی ہو چکی تھی۔ یہ فلم شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ کی پروڈکشن کمپنی ڈریمز ان لمیٹڈ کے تحت بن رہی تھی۔ تاہم فلم کے درمیان میں رانی مکھرجی نے ایشوریا کی جگہ لے لی۔

مبینہ طور پر ایشوریا کو اس لیے تبدیل کیا گیا کیونکہ سلمان خان نے سیٹ پر مسائل پیدا کیے، جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ میں تاخیر اور کشیدگی پیدا ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق، دونوں اداکاروں نے شاہ رخ خان سے معذرت بھی کی، لیکن پروڈیوسرز نے ان کی معذرت پر اعتماد نہیں کیا۔

بعد میں سیمی گریوال کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایشوریا نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ کم از کم پانچ فلموں سے نکالا گیا تھا۔ چلتے چلتے کے علاوہ ان فلموں میں ویر زارا اور کل ہو نہ ہو بھی شامل تھی۔

ایشوریا کے مطابق کچھ فلمیں ایسی تھیں جو میرے ساتھ بننے والی تھیں، لیکن اچانک وہ فلمیں نہیں بنیں اور اس کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ یہ میرا فیصلہ نہیں تھا۔ ظاہر ہے آپ حیران، پریشان اور یقیناً دکھی ہوتے ہیں۔ آپ سوچتے ہیں کہ آخر ایسا کیوں ہوا؟

فلم چلتے چلتے سے ایشوریا کو ہٹانے کے بارے میں بعد میں شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ کسی کے ساتھ ایک پروجیکٹ شروع کرنا اور پھر بغیر کسی غلطی کے اسے تبدیل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ یہ بہت افسوسناک ہے، کیونکہ ایش ایک اچھی دوست ہیں۔ ذاتی طور پر مجھے لگتا ہے کہ میں نے غلط کیا۔ لیکن ایک پروڈیوسر کے طور پر یہ فیصلہ سمجھ میں آتا تھا، میں نے ایش سے معذرت کی۔

ایک اور گفتگو میں شاہ رخ نے کہا کہ انہیں اس بات کا بہت افسوس تھا کیونکہ ایشوریا ان کی قریبی دوست اور ساتھی اداکاراؤں میں سے ایک تھیں اور ہم نے کئی فلموں میں اکٹھے کام کیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر یہ صورتحال ان کے لیے بہت افسوسناک تھی، لیکن بطور پروڈیوسر ان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ 

شاہ رخ خان نے یہ بھی واضح کیا کہ ایشوریا ایک بہت پروفیشنل اداکارہ تھیں، لیکن اس پورے معاملے نے ٹیم کو مایوس کیا اور انہیں لگا کہ شاید یہ فلم ان کے مقدر میں نہیں تھی۔ ان کے مطابق یہ کوئی توہم پرستی نہیں بلکہ ایک پیشہ ورانہ فیصلہ تھا، اگرچہ اس فیصلے پر انہیں خود بھی افسوس رہا۔

اہم بات یہ ہے کہ نہ شاہ رخ خان اور نہ ہی ایشوریا نے باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کی کہ سلمان خان اس معاملے کی وجہ تھے۔ یہ باتیں زیادہ تر میڈیا رپورٹس اور قیاس آرائیوں پر مبنی رہیں۔ 

بعد میں شاہ رخ اور ایشوریا  اے دل ہے مشکل میں مختصر کردار میں ایک ساتھ نظر آئے۔ اس کے بعد پھر دونوں نے کبھی اکٹھے کوئی فلم نہیں کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید