کراچی (بابر علی اعوان) محکمہ صحت سندھ میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی اہم ترین تکنیکی اسامی پر پہلی بار ڈاکٹر کے بجائے بیوروکریٹ کی تعیناتی کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے، جس پر طبی حلقوں میں شدید تحفظات پیدا ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بیوروکریٹ کی تعیناتی کی تجویز کابینہ کے سامنے پیش کی گئی تھی، تاہم کابینہ نے منظوری کے بجائے محکمہ قانون سے رائے طلب کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ قانون کی رائے کے بعد سمری منظور کرکے سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کو بھیج دی گئی ہے، جہاں مزید کارروائی کے بعد ڈی جی ہیلتھ کی پوسٹ پر بیوروکریٹ کی تعیناتی کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے 19 گریڈ کے آفیسر شہریار گل میمن کا نام لیا جا رہا ہے، جو اس وقت ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کے کوآرڈینیٹر تعینات ہیں جبکہ ان کے پاس اسپیشل سیکریٹری صحت کا اضافی چارج بھی موجود ہے۔