کراچی (بابر علی اعوان) سندھ میں پولیو وائرس کی ماحولیاتی نگرانی کے نتائج میں ایک ماہ کے دوران نمایاں تبدیلی سامنے آئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کے مطابق جون میں منفی رہنے والے کراچی کے 6 اضلاع وسطی، شرقی، کیماڑی، ملیر، جنوبی اور غربی سمیت ضلع کشمور کے ماحولیاتی نمونوں میں جولائی کے دوران پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیشنل ای او سی کی جانب سے فراہم کردہ جون تا جولائی 2026 کی ماحولیاتی اور اے ایف پی سرویلنس رپورٹ کے مطابق جولائی میں سندھ کے 7 اضلاع سے پولیو وائرس کی موجودگی رپورٹ ہوئی، جن میں کشمور اور کراچی کے مذکورہ 6 اضلاع شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کشمور، کراچی وسطی، شرقی، کیماڑی، ملیر، جنوبی اور غربی میں جون کے نتائج منفی تھے، تاہم جولائی میں ان تمام اضلاع میں وائرس کی موجودگی رپورٹ ہوئی۔ اس کے برعکس بدین، دادو، گھوٹکی، حیدرآباد، جیکب آباد، جامشورو، قمبر، کراچی کورنگی، لاڑکانہ، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، سجاول اور سکھر میں جون اور جولائی دونوں کے دوران پولیو وائرس کی حالیہ ماحولیاتی نشاندہی نہیں ہوئی۔