کراچی (بابر علی اعوان) سندھ میں 8ماہ کے دوران خسرہ سے63، خناق سے 20اور تشنج سے 5 بچوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ہلاکتوں میں خیرپور سرفہرست،دادو و لاڑکانہ کا دوسرا،کراچی ایسٹ،سکھر و ٹھٹھہ کا تیسرا،بدین و شکارپور کا چوتھا، مٹیاری کا پانچواں نمبر رہا۔ خسرہ کے مصدقہ کیسز میں 55فیصد بچوں کو 9ماہ یا اس سے زائد عمر کے باوجود خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں ملی تھی۔ خسرہ کے 3ہزار 123کیسز، 53آؤٹ بریکس، خسرہ مہم میں ڈی ایچ اوز کی سو فیصد کارکردگی کے دعووں کی آزادانہ جانچ کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال کے ابتدائی آٹھ مہینوں میں خسرہ کے 3 ہزار 123مصدقہ کیسز، خناق کے 57 جبکہ تشنج کے 20کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس عرصہ کے دوران صوبے کے 15 اضلاع میں خسرہ کے 53آؤٹ بریکس کی بھی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ اور عالمی ادارہ صحت سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق 4جنوری سے 8اگست 2026تک صوبے میں خسرہ کے 8ہزار 32مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 3 ہزار 123 کیسز کی تصدیق ہوئی۔