• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹر علی ظفر کا پمز واقعے کے ذمے داروں کو سزا دینے کا مطالبہ

سینیٹر علی ظفر---فائل فوٹو
سینیٹر علی ظفر---فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے پمز واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمے داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔

سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ پمز واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور تعین کیا جائے کہ اس واقعے کا ذمے دار کون تھا، جس کی غلطی تھی اسے سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی طویل مدتی وجوہات کا بھی جائزہ لینا ہو گا، ذمے داری وزیرِ اعظم، کابینہ اور بجٹ منظور کرنے والوں پر عائد ہوتی ہے۔

علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہم نے کہا تھا صحت کا بجٹ کم نہ کیا جائے، اس کا اثر غریبوں کے اسپتالوں پر پڑے گا، میں نے اپنی بجٹ تقریر میں بھی یہ بات کہی تھی لیکن حکومت نے اسے مسترد کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہیں۔

سینیٹر علی ظفر نے مطالبہ کیا کہ پمز واقعے کی تحقیقات کے لیے سینیٹ کی کمیٹی قائم کی جائے اور اس کی سربراہی اپوزیشن کو دی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ کمیٹی اسپتالوں میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایس او پیز تیار کرے اور موجودہ ایس او پیز کا بھی جائزہ لے۔

علی ظفر نے کہا کہ اسپتالوں کو کمیٹی کے ساتھ تعاون کرنے کا پابند کیا جائے اور یہ کمیٹی آج ہی تشکیل دی جائے، حکومت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی پر عوام کو اعتماد ہی نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید