• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفاتخانہ پاکستان ویانا میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کا پروقار استقبالیہ

ویانا: سفارتخانہ پاکستان ویانا کی جانب سے سفیر پاکستان کامران اختر ملک کی سربراہی میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے حوالے سے ایک پروقار استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے سفراء، سفارتی شخصیات، آسٹرین حکام، کاروباری نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان مینگو فیسٹیول کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیر میگ۔ میکسیمیلیان ہینیگ، چیف آف پروٹوکول، آسٹریا کی وفاقی وزارت برائے یورپی و بین الاقوامی امور تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد آسٹریا اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سیدہ مبشرہ عروج نے انجام دیے اور مہمانوں کو استقبالیہ میں شرکت پر خوش آمدید اور شکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان کامران اختر ملک نے اپنے خطاب سے قبل اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ سفیر پاکستان نے جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب میں سفیر پاکستان کامران اختر ملک نے پاکستانی قوم اور تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، باہمی احترام، کثیرالجہتی سفارت کاری اور عالمی تعاون پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے علاقائی اور عالمی امن کے فروغ، اقتصادی و تجارتی روابط کے استحکام اور دوست ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ قرار دیا۔

سفیر پاکستان نے پاکستان اور آسٹریا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آسٹریا کی حکومت اور خصوصاً چیف آف پروٹوکول میکسیمیلیان ہینیگ کا تقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مہمانِ خصوصی سفیر میکسیمیلیان ہینیگ، چیف آف پروٹوکول آسٹریا نے بھی اپنے مختصر خطاب میں اسلام آباد کے اسپتال میں بچوں کی ہلاکت کے المناک واقعے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے خصوصاً پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل میں کردار کو خوش آئند قرار دیا اور اس سلسلے میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کی۔

پاکستان مینگو فیسٹیول کے اسپانسر ڈش ریسٹورنٹ کے ڈائریکٹر ملک سفیان اعوان نے بھی تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی آموں اور پاکستانی کھانوں کے ذریعے پاکستان کی ثقافت اور ذائقوں کو آسٹریا میں متعارف کروانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے دوران سفیر پاکستان کامران اختر ملک اور چیف آف پروٹوکول میکسیمیلیان ہینیگ نے مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور مہمانوں سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان کامران اختر ملک اور آسٹریا کے چیف آف پروٹوکول میکسیمیلیان ہینیگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے یومِ آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

بعدازاں مہمانوں کی تواضع پاکستانی لذیذ کھانوں، روایتی مٹھائیوں اور خصوصی طور پر پاکستانی آموں سے کی گئی، جبکہ مینگو فیسٹیول شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید