• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرینکفرٹ ،جرمنی کے نواحی شہر ڈی بُرگ میں باجوہ گروپ کی تنظیم’’ قصرِ سُخن‘‘ نے عالمی محفلِ مشاعرہ کا اہتمام کیا۔ جس میں پاکستان کی ادبی دنیا کی معروف شخصیت ڈاکٹر صغرا صدف جو ان دنوں یورپ کے دورے پر ہیں، نے خصوصی شرکت کی۔

ان کے علاوہ یورپ انگلینڈ سے عامر امیر، طارق مجید، منان قدیر، جیم جاذل، ساجد محمود، ہالینڈ سے عدیل شاکر اور جرمنی سے بشارت کاہلوں، فہمیدہ مسرت، راشد ملک وامش، امجد عارفی، شفیق مراد، صائمہ کنول، شازیہ نورین اور سیّد اقبال حیدر نے شرکت کی۔

جرمنی میں خواتین شاعرات میں منفرد لب و لہجہ کی مقبول شاعرہ شازیہ نورین اور لندن کے ادبی حلقوں میں مقبول نوجوان شاعر عامر امیر نے ملکر نظامت کی اور محفلِ مشاعرہ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

محفل کی میزبان سیرش باجوہ نےمشاعرے کی ابتدا سے اختتام تک تمام انتظامات نہایت منظم انداز سے سرانجام دیئے، مشاعرے کی صدارت انگلینڈ سے تشریف لائے شاعر محترم طارق مجید، مہمانِ خصوصی ڈاکٹرصغرا صدف اور سیّد اقبال حیدر تھے۔

مشاعرہ ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ مشاعرے کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا اور پھر مقامی شعرا ءاور مہمان شعرا ءنے اپنا کلام حاضرین کی خدمت میں پیش کیا۔

عامر امیر اور شازیہ نورین شعرائے کرام کو درجہ بہ درجہ دعوت دیتے وقت خوبصور ت جملوں اور اشعار سے محفل کو مزین کرتے رہے، آخر میں سید اقبال حیدر، ڈاکٹر صغرا صدف اور صدرِ محفل طارق مجید نے اشعار سنا کر خوب داد وصول کی۔

جرمنی کے مختلف شہروں میں ادبی محافل، مشاعروں کا ایک سلسلہ قائم ہو چکا ہے اور ان محافل کا اہتمام کرنے والی تنظیموں میں’’ قصرِ سُخن‘‘ ایک خوبصورت اضافہ ہے۔

مشاعرے میں جن کثیر تعداد میں محبانِ اردو نے شرکت کی ان میں کچھ خصوصی نام عاصم علی،اسلم صدیقی،محمود سعید، چوہدری الیاس گجر، دانیال جہانگیر، رضا عارفین، جرمنی میں متحرک صحافتی شخصیت آزاد حسین ہیں، مشاعرے کے اختتام پر میزبان باجوہ گروپ نے پاکستانی لذیز کھانوں سے مہمانوں کی خاطر مدارت کی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید