کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ بخاری کے اپارٹمنٹ میں جھگڑے کے واقعے کی پولیس نے انکوائری شروع کردی، پولیس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکاروں کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار ساؤتھ زون کے نہیں ہیں، متعلقہ ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالے سے تفتیش کی جاری ہے، ایک ویڈیو میں نظر آنے والی ڈبل کیبن گاڑی بھی ساؤتھ پولیس کی نہیں ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کا چالان تفتیش مکمل ہونے کے بعد عدالت میں جمع کروایا جائے گا، ویڈیو میں موجود اہلکار ممکنہ طور پر ضلع کورنگی کے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈیفنس کے اپارٹمنٹ میں دو خواتین کی تکرار جھگڑے میں بدل گئی، گزشتہ روز سامنے آنیوالی سی سی ٹی وی ویڈیو میں ایک خاتون کو دوسری خاتون پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ہاتھ میں ایکسر سائز والا لوہے کا ڈمبل بھی دکھائی دے رہا ہے۔
پولیس اہل کار نے متاثرہ خاتون کے ساتھ موجود شخص کو دھکے دیے، متاثرہ فیملی نے تھانہ درخشاں میں درخواست جمع کروا دی، تشدد کا نشانہ بننے والے بہن بھائی ہیں جو والدہ کے ساتھ اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ واقعے کی انکوائری میرٹ پر کی جائے گی۔