کراچی (بابر علی اعوان) سیکرٹری صحت سندھ نے گریڈ 18کی ریڈیالوجسٹ کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی میں گریڈ 19کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ریڈیالوجی کی اسامی پر تعینات کر دیا ہے اور اس تعیناتی کو اپنے پے اسکیل (او پی ایس) اور اسٹاپ گیپ ارینجمنٹ کا نام دے دیا ہے۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر کیلئے ایف سی پی ایس، سینئررجسٹرار اور اسسٹنٹ پروفیسر کا تجربہ درکارہوتا ہے ، تعیناتی پر سوالات اٹھ گئے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری صحت سندھ طاہر حسین سانگی اور محکمہ صحت کے ترجمان شکیل ڈوگر سے ڈاکٹر کی اہلیت، تعیناتی کے قانونی جواز اور سابقہ ’’اسائن ٹو ورک‘‘ کے حوالے سے موقف طلب کیا گیا، تاہم خبر کی اشاعت تک ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔تفصیلات کےمطابق محکمہ صحت سندھ کے 6 جولائی 2026 کو جاری اعلامیے کے مطابق جنرل اسپتال و میٹرنٹی وارڈ، حالی روڈ حیدرآباد کی گریڈ 18 کی ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر مومل رانی، جو اس وقت جے پی ایم سی کراچی میں ’’اسائن ٹو ورک‘‘ کے تحت کام کر رہی ہیں، کو جے پی ایم سی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ریڈیالوجی (گریڈ 19) کی خالی اسامی پر ریڈیالوجسٹ (گریڈ 18) کی حیثیت سے او پی ایس/اسٹاپ گیپ ارینجمنٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ ڈاکٹر نے تاحال ایف سی پی ایس مکمل نہیں کی اور وہ ایف سی پی ایس پارٹ ٹو کی تربیت کے تیسرے سال میں ہیں۔