سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما علی خورشیدی نے کہا ہے کہ سندھ کے ہاری اور عوام کو پتہ ہونا چاہیے کہ کون سندھ کی تقسیم چاہتا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ صوبے کی تقسیم کے حوالے سے نثار کھوڑو نے قرارداد پیش کی۔ ہم امید کر رہے تھے سنجیدہ باتیں حکومت کی جانب سے ہو۔ ان کی طرف سے ڈھنگ کی بات نہیں ہوسکتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے قومیتوں کو لڑانے کی کوشش کی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ اس حساس موضوع پر بار بار بات کرکے لسانی تفریق پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جان بوجھ کر اس حساس موضوع پر بات کروائی گئی۔
علی خورشیدی نے کہا کہ ہم انتظامی یونٹ کی بات کر رہے ہیں۔ ان کی خود مختاری کی بات کر رہے ہیں۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کی جانا تھی۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوبہ انتظامی طور پر کولیپس کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انہیں ایکسپوز کرچکے ہیں۔ سندھ کے ہاری اور عوام کو پتہ ہونا چاہیے کہ کون سندھ کی تقسیم چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کی تقسیم پر بات کی ہے، یہ جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔ عوام کو معلوم ہونا چاہیے کون چاہتا ہے سسٹم کی حکومت قائم رہے۔