وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 3 ارب روپے کا رسک پول بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دیتا ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں انہیں ادارے کی تنظیمِ نو اور اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ کے لیے یہ انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت کو تقویت دینے کے لیے اصلاحات پر ای ڈی ایف کی ٹیم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ تنظیمِ نو اور اصلاحات کے بعد ای ڈی ایف کی قیادت نجی شعبے کے ماہرین کے سپرد کر دی گئی ہے، جبکہ ای ڈی ایف کے پاس موجود تمام سرمایہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ اقدامات حکومتِ پاکستان کے ملکی معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کے عزم کے عکاس ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام اقدامات برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کے عزم کی تکمیل کے لیے کیے جا رہے ہیں۔