وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے لیے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق بلٹ پروف گاڑیوں کیلئے 6.6 ارب روپےکی گرانٹ منظور کرلی اور مزید بلٹ پروف گاڑیوں کی ضرورت کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں ایس سی او سربراہی اجلاس ستمبر 2027 میں منعقد ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں تمباکو فصل کی کم از کم امدادی قیمت اور سیس میں اضافے کی تجویز مؤخر کردی گئی، تمباکو کی قیمت اور سیس سے متعلق تجویز مزید جائزے کے لیے وزارت کو واپس بھیج دی گئی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کی تجویز منظور کرلی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق دانش اسکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے 5 ارب روپے سیڈ منی کی منظوری دی گئی، اس مقصد کیلئے 5 ارب روپے اینڈومنٹ فریم ورک کے تحت رکھے جائیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اسکلز امپیکٹ بانڈ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور وزارت تعلیم کو 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن دے دی۔